لندن،26جولائی(ایس او نیوز/آئی این ا یس انڈیا)کینیڈا میں ایک شہری کے بیک وقت 25خواتین کا شوہر ہونے کے انکشاف کے بعد مقامی عدالت نے اسے جیل بھیج دیا۔ مذکورہ عدالت نے ایک اور شخص کو بھی جیل کی سزا سنائی ہے جس نے پانچ بیویوں سے شادی کر رکھی ہے۔برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق پہلے شخص کا نام ونسٹن بلیک مور ہے۔ ونسٹن کی عمر 60سال ہے اور اس نے 25خواتین سے شادی کر رکھی ہے جن سے اس کے 125بچے پیدا ہوئے۔ جہاں تک دوسرے شخص کا تعلق ہے تو اس کا نام جیمس اولر ہے اور اس کی عمر 53برس ہے۔ اولر کی پانچ بیویاں ہیں جب کہ ان سے پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد معلوم نہیں۔
کینیڈا کی عدالت نے کئی برسوں تک جاری رہنے والے قانونی معرکے کے بعد دونوں افراد کو "ایک سے زیادہ شادی" کے الزام میں مجرم قرار دیا۔دونوں افراد نے کینیڈا میں ایک دُور دراز چھوٹے سے قصبے Bountiful میں سکونت اختیار کی ہوئی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دونوں ملزمان نے عدالت کے سامنے کہا کہ وہ مذہبی زندگی گزار رہے ہیں اور انہوں نے تعلیماتِ الہیہ پر عمل کیا ہے۔
کینیڈا میں برٹش کولمبیا کے مقامی حکام نے ونسٹن بلیک مور اور جیمس اولر کے ساتھ 90ء کی دہائی میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ دنوں افراد کے خلاف عدالتی جنگ کا اختتام پیر کے روز ہوا جب عدالت نے انہیں مجرم ٹھہراتے ہوئے جیل بھیجنے کا فیصلہ جاری کیا۔ تاہم عدالت کی جانب سے کچھ عرصہ بعد دونوں افراد کی قید کا عرصہ متعین کیا جائے گا جب کہ ملزمان نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
کینیڈا کے قانون کے مطابق "ایک سے زیادہ شادی" جرم ہے جس کے نتیجے میں ملزم کو زیادہ سے زیادہ پانچ برس کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق بلیکمور اور اولر دونوں ایک مسیحی چرچ کے رکن ہیں جس کے پیروکار کینیڈا میں امریکی سرحد کے نزدیک ایک چھوٹے سے علاقے میں پائے جاتے ہیں۔